اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان کے علاقوں گوادراور پنجگور میں بجلی کی فراہمی سے متعلق صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگوراورایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے دورے کے دوران گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہم کرنے کا اعلان کیا، شہباز شریف نے کہا کہ سولر پینلز وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلیے فوری طور پرآف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے اور جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کر اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے۔
حکام کو بتایا گیا کہ چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی، جس سے بجلی کی مجموعی فراہمی 260 میگاواٹ جبکہ کھپت 236 میگاواٹ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلیے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بلوچستان کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔