بس ناگن چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی، جوہرموڑ، ڈرگ روڈ سے سنگر چورنگی تک جائے گی۔فائل فوٹو
بس ناگن چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی، جوہرموڑ، ڈرگ روڈ سے سنگر چورنگی تک جائے گی۔فائل فوٹو

بلاول بھٹو نے پیپلز بس سروس کا افتتاح کردیا

 کراچی؛ چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز بس سروس کا افتتاح کردیا، انہوں نے بس میں سفربھی کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پہلے مرحلے میں ماڈل کالونی تا ٹاورتک پیپلز بس سروس کا آغازکیا گیا ہے،افتتاحی تقریب  میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے وزرا نے بھی شرکت کی۔

کراچی کے لے 7 روٹس بنائے گئے ہیں جن پر مرحلہ وار 240 بسیں چلائی جائیں گی۔ اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں آج ملیر ماڈل کالونی سے ٹاور کے لیے بس چلا کر منصوبے کا آغازکردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے بس سروس منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ ترقی کا یہ سفر اب رکنے والا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سروس کے پہلے روٹ یعنی ملیر ماڈل کالونی سے براستہ، شارع فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاورتک کل سفر 29 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا، صبح 7 تا رات 12 بجے تک 30 بسیں چلائی جائیں گی۔ پیپلز بس سروس کاکم سے کم سے کرایہ25روپےاور زیادہ سے زیادہ 50 روپے تک ہوگا۔ صوبائی حکومت شہر اور شہریوں کی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ اگلے ہفتے نارتھ کراچی سے کورنگی تک کے لیے بس سروس شروع کردی جائے گی اور 14 اگست سے قبل شہر کے تمام ساتوں روٹس پر کُل 240 بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے مزید 130 بسیں کراچی بندر گاہ پر پہنچ جائیں گی۔