نئی دہلی(اُمت نیوز)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بہن کو ہراساں کرنے کے خلاف آواز اٹھانے پر اس کے بھائی کو قتل کردیا گیا۔ نوجوان کے قتل کرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ نئی دہلی کے علاقے پٹیل نگر میں 28 اکتوبر کی رات تقریباً 9 بجے کے آس پاس پیش آیا۔
بتایا جارہا ہے کہ منوج کمار نامی 17 سالہ نوجوان نے اپنی بہن کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھائی تو ملزمان اس کی جان کے دشمن بن گئے۔
واقعے کا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، سوشل میڈیا پر شیئر اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو نوجوان اس شخص سے جھگڑ رہے ہیں، اس کے بعد لڑنے والے دونوں نوجوان بھاگ جاتے ہیں جبکہ منوج لڑکھڑاتا ہوا زمین پر گر جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ منوج کمار پر چاقو سے حملہ کیا گیا اور ان پر پے درپے کئی وار کیے گئے، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ویڈیو میں وہاں موجود کچھ لوگوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، جو زمین پر پڑے اس زخمی نوجوان کی مدد کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آئے۔