ترکیہ میں 12 روز بعد 3افراد کو زندہ نکال لیاگیا

انقرہ(امت نیوز)ترکیہ کے شہر انطاکیہ میں زلزلے کے 12روز (تقریباً 269 گھنٹے)  بعد ملبے سے بچے سمیت 3 افراد کو زندہ نکال لیاگیا۔12 سالہ بچہ بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا

ترکیہ میں زلزلوں کے 12 روز بعد بھی ملبے تلے زندگی کے آثار موجود ہیں اور ترک صوبے حاطے کے شہر انطاکیہ میں جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران ٹیموں نے  بچے سمیت 3 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔

ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے نکالے جانے والے افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملبے سے نکالا گیا 12 سالہ بچہ اسپتال میں انتقال کرگیا

دوسری جا نب تر کیہ میں لگ بھگ 200 متاثرہ مقامات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ترکیہ  نے زلزلے سے تباہ شدہ گھروں کی ایک سال کے اندر اندر دوبارہ تعمیر کے عزم کے اظہار کیا ہے۔

زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے اور 7 ہزار سے زائد ماہرین نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، 6 لاکھ 84 ہزار سے زائد گھروں اور عمارتوں کا معائنہ مکمل کرلیاگیا ہے۔