پشاور یونیورسٹی کیمپس میں سکیورٹی گارڈکی فائرنگ،ہاسٹل سپروائزرجاں بحق

پشاور(امت نیوز)پشاور یونیورسٹی کیمپس میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہاسٹل سپروائزر جاں بحق ہوگیا۔

پشاور یونیورسٹی کیمپس پولیس کے مطابق سکیورٹی سپروائزر ثقلین بنگش پر ہاسٹل کے سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے

واقعے کے بعد سکیورٹی گارڈ موقع سے فرار ہوگیا۔

ڈی ایس پی کیمپس فضل ربی خان کے مطابق پشاور یونیورسٹی میں معمول کے مطابق سپروائزر ثقلین بنگش سکیورٹی انتظامات چیک کر رہے تھے، انٹرنیشنل ہاسٹل میں ڈیوٹی پر مامور نجی سکیورٹی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ مسعود سے گیٹ کھولنے کے دوران پستول گر کر فائر ہوگیا جس کے نتیجے میں سپروائزر زخمی ہوگیا۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال ترجمان کے مطابق ثقلین بنگش کو پسلی میں گولی لگی ۔

یونیورسٹی کیمپس میں 15 دنوں میں یہ دوسرا واقعہ رونما ہوا جس میں سکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں قتل کے ہوا۔

19 فروری کو اسلامیہ کالج پشاور میں چوکیدار نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے کالج کے لیکچرار بشیر احمد کو قتل کردیا تھا۔