سینئر اداکار قوی خان کے انتقال پر وزیراعظم کا اظہار افسوس

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے نامور فنکار محمد قوی خان کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاہے کہ محمد قوی خان نے فلم، ٹی وی، سٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا اور بھرپور داد پائی ،تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے اعزازات قوی خان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا ریاستی سطح پر اعتراف ہے،
وزیراعظم نے کہاکہ قوی خان نے ریڈیو پشاور پر چائلڈ ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جو ان کے فطری ٹیلنٹ کا ثبوت ہے، لاکھوں میں تین اور اندھیرا اجالا میں ان کی اداکاری عوام کے ذہنوں میں آج بھی زندہ ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ ان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے ،اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

تفصیلات کے مطابق اداکار قوی خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اورعلاج کے باعث کینیڈا میں بچوں کے پاس مقیم تھے، جہاں وہ خالق حقیقی سے جاملے،قوی خان کا انتقال 80 سال کی عمر میں ہوا ۔