امریکی کانگریس میں رپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے ترک وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ ایک لمحے کے لیے بھی یہ سوچ رہے ہیں کہ آیت اللہ اور ان کی قاتل حکومت کو اقتدار میں رہنے دینا چاہیے تو آپ خوابوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔لنڈسے گراہم نے ایکس پر اپنے ان خیالات کا اظہار ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے اس بیان کے بعد دیا، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران میں کسی فضائی حملے کے ذریعے حکومت ختم نہیں ہو گی۔
اپنے پیغام میں لنڈسے گراہم نے لکھا کہ ہمارے نام نہاد علاقائی اتحادیوں کے لیے۔ اگر آپ ایک لمحے کے لیے بھی یہ سوچ رہے ہیں کہ ایرانی عوام کی طرف سے تمام تر دباؤ کے بعد آیت اللہ اور ان کی قاتل حکومت کو اقتدار میں رہنے دینا چاہیے تو آپ خوابوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔
اس کے بعد رپبلکن سینیٹر نے براہ راست ترکی، قطر اور مصر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ایرانی عوام کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرنے کی آپ کی خواہش، میری نظر میں مکمل طور پر امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
ہاکان فیدان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطہ ایک اور جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔سی این این ترک کو ایک انٹرویو کے دوران ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر اردوغان اس مسئلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہماری تمام کوششوں کا مقصد فوجی تنازع کو روکنا ہے۔
ایران میں احتجاج اور اس دوران ہلاکتوں کے بعد حکومت میں تبدیلی کے مطالبے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ہاکان فیدان کا کہناتھاکہ ان کی رائے میں ’ایران میں کسی فضائی حملے کے ذریعے حکومت ختم نہیں کی جائے گی بلکہ ملکی نظام کو کمزور کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos