امریکا کا ایران میں اسپورٹس ہال پر حملہ، 21 نوجوان شہری شہید
یہ واقعہ شہر لامرد میں پیش آیا،حملے میں بڑی تعداد میں شہری متاثر ہوئے۔
تہران: ایران کے صوبہ فارس میں ایک اسپورٹس ہال پر حملے کے نتیجے میں 21 نوجوان شہری جاں بحق ہوگئے، جن میں نوعمر افراد بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شہر لامرد میں پیش آیا، جہاں ایک مصروف اسپورٹس ہال کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں بڑی تعداد میں شہری متاثر ہوئے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے “سنگین جنگی جرم” قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل نے ہال کے اوپر فضا میں پھٹ کر مہلک ذرات پھیلائے، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
ترجمان نے الزام عائد کیا کہ حملے میں شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، جبکہ عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا جا رہا ہے۔