اسلام آباد: پاک امریکہ ایران مذاکرات کا دوسرا دور، امریکی سیکیورٹی ٹیم ،بلٹ پروف گاڑیاں پاکستان پہنچ گئیں
ھاری مقدار میں لاجسٹک سامان بھی پاکستان پہنچادیا گیا ،جدید ایمبولینسز بھی شامل
اسلام آباد : پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے انتہائی اہم دوسرے راؤنڈ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے 6 خصوصی طیارے نور خان ایئربیس پر لینڈ کر گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان خصوصی طیاروں کے ذریعے امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے ارکان کے ساتھ ساتھ بھاری مقدار میں لاجسٹک سامان بھی پاکستان پہنچایا گیا ہے۔ ان انتظامات میں امریکی وفد کے زیرِ استعمال رہنے والی خصوصی بلٹ پروف گاڑیاں اور طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید ایمبولینسز بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امریکہ ایران کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے انتہائی کلیدی نوعیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی ٹیم کی آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ مذاکرات کے اس دوسرے دور میں اعلیٰ سطح کے امریکی حکام کی شرکت متوقع ہے، جس کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نور خان ایئربیس اور وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی سیکیورٹی ٹیم پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر مذاکرات کے مقام اور وفود کی نقل و حرکت کے روٹس کا جائزہ لے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔