24 گھنٹوں کے دوران 26 بحری جہازآبنائے ہرمز سے گزرے،پاسدارانِ انقلاب

تمام جہازوں کی نقل و حرکت پہلے سے طے شدہ سکیورٹی پروٹوکولز اور آئی آر جی سی نیوی کے ساتھ قریبی رابطے کے تحت عمل میں آئی ، ایرانی حکام

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 26 بحری جہاز ان کی مکمل ہم آہنگی اور مانیٹرنگ کے ساتھ آبنائے ہرمز سے باحفاظت گزر چکے ہیں۔

 پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے مطابق آبنائے ہرمز پار کرنے والے ان بحری جہازوں میں بڑے آئل ٹینکرز، کنٹینر کارگو شپس اور دیگر تجارتی بردار جہاز شامل ہیں۔

 ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تمام جہازوں کی نقل و حرکت پہلے سے طے شدہ سکیورٹی پروٹوکولز اور آئی آر جی سی نیوی کے ساتھ قریبی رابطے کے تحت عمل میں آئی ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا میں خام تیل کی ترسیل کے لیے سب سے اہم ترین سمندری گزرگاہ ہے۔ حالیہ علاقائی تنازعات کے تناظر میں اتنی بڑی تعداد میں جہازوں کا بحفاظت گزرنا عالمی منڈی اور بحری تجارت کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔