ابراہام معاہدوں میں شمولیت قابل قبول نہیں۔ خواجہ آصف

پاکستان اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے حق میں نہیں، وزیر دفاع

May 26, 2026 · قومی

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ابراہام معاہدوں میں شامل ہونا قابل قبول نہیں اور اسلام آباد کو ایسے کسی معاہدے کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو ملکی بنیادی نظریات سے متصادم ہو۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ “ذاتی طور پر میرا ماننا ہے کہ ہمیں ایسے کسی معاہدے میں شامل نہیں ہونا چاہیے جو ہمارے بنیادی نظریات سے ٹکراتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ “اس حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے کہ یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے مزید ممالک پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے زور دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے ممکنہ معاہدے کے تحت مزید ممالک کو اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے چاہییں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر، پاکستان، ترکیہ، مصر اور اردن کی قیادت سے کہا ہے کہ وہ ابراہام معاہدوں میں شامل ہوجائیں۔