روس اوررومانیہ کے تعلقات کشیدہ، روسی قونصل جنرل کو ملک بدر اور قونصل خانے کو بند کرنے کا فیصلہ

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

گالاتسی : رومانیہ کے صدر نیکوشور دان نے ملک کے مشرقی شہر گالاتسی میں رہائشی عمارت سے روسی ڈرون ٹکرانے اور 2 افراد کے زخمی ہونے کے ردِ عمل میں کونستانتسا شہر میں تعینات روسی قونصل جنرل کو ملک بدر کرنے اور قونصل خانے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی قونصل جنرل کو ’پرسونا نان گراٹا‘ (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب صدر ولادیمیر پوتن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر رومانیہ میں پیش آنے والے ڈرون حادثے سے ’آگاہ‘ ہیں۔

روس کے سرکاری خبر رساں ادارے طاس کے مطابق ملک کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا کہنا ہے کہ ’رومانیہ میں ڈرون پر ہنگامہ آرائی‘ کو ’مغربی ممالک‘ یوکرین کی جنگ سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

وزارت نے یہ بھی کہا کہ رومانیہ کے جنوب مشرقی شہر کونستانتسا سے روسی قونصل جنرل کو نکالے جانے کے جواب میں روس کے ردِ عمل میں ’زیادہ تاخیر نہیں ہو گی۔

رومانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، نیٹو کی سرزمین کا دفاع کریں گے: امریکی سفیر

رومانیہ میں روسی ڈرون کے عمارت سے ٹکرانے اور دو افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد نیٹو میں امریکی سفیر میٹ وٹیکر کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اپنے اتحادی رومانیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور ’اس کے علاقے میں دراندازی‘ کی مذمت کرتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہماری دعائیں گالاتسی میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔ ہم نیٹو کی سرزمین کے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

واضع رہے عمارت سے روسی ڈرون ٹکرانے کا واقعہ جمعے کے روز رومانیہ کے مشرقی شہر گالاتسی میں پیش آیا، جو یوکرین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ رومانیہ کی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کو روس کی جانب سے ’سنگین اور غیر ذمہ دارانہ اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔

رومانیہ کے ریسکیو حکام کے مطابق 2 افراد کو معمولی زخم آنے کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ تقریباً 70 افراد کو عمارت سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔