جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے سے امن فوج اہلکار کی موت
اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے اہلکار بھی زخمی، تحقیقات جاری ہیں
فائل فوٹو
لبنان کے جنوبی حصوں میں مختلف مقامات پر اسرائیلی ڈرون حملوں میں ایک شخص چل بسا۔ ڈرون حملوں کی لبنان کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے مورچے پر مارٹر گولے گرنے سے زخمی اہلکار دم توڑ گیا۔
امن فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں ، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں دریائے زہرانی کے جنوب میں رہائشیوں کو گھر واپس نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دریائے زہرانی کے جنوب میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ سنگین غلطی قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر کا کہنا ہے کہ مشیروں کے غیر حقیقت پسندانہ خیالات وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو غلط فیصلوں کی طرف لے جا رہے ہیں۔