محسن نقوی ایران پہنچ گئے۔ خامنہ ای کیلئے فیلڈ مارشل کا خصوصی خط لایا ہوں۔وزیر داخلہ
ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے فیلڈ مارشل کا خصوصی خط لے کر ایران آئے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ وہ آیت اللہ خامنہ ای کے لیے وزیراعظم پاکستان کا خصوصی پیغام بھی ساتھ لائے ہیں، جو ایرانی قیادت تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال پر ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی مشاورت جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔