بیروت پر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ڈیل کو خراب مت کریں، ٹرمپ

اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کہیں بھی مزید حملے نہیں ہونے چاہئیں، امریکی صدر

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین کو فوری طور پر پیچھے ہٹنے (اسٹینڈ ڈاؤن) کی اپیل کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بیروت پر ہونے والا یہ حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل کو خطرات کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، لیکن جس حملے کا جواب اسرائیل کی جانب سے دیا گیا وہ بہت چھوٹا اور بے معنی تھا، اس میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا۔ لہٰذا اس ردعمل کے نتیجے میں امن کا اہم عمل متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

امریکی صدر نے خطے میں جاری سفارتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایک بڑا امن معاہدہ طے پانے کے قریب ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ معاہدہ لبنان سمیت پورے خطے میں پائیدار امن لانے کا سبب بنے گا۔

صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے دونوں اطراف پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کہیں بھی مزید حملے نہیں ہونے چاہئیں، اور اسی طرح دوسری طرف سے بھی—بشمول حزب اللہ—اسرائیل کے خلاف تمام حملے بند ہونے چاہئیں۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے فریقین کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ چیزوں کو خراب مت کریں (Let’s not blow it)۔