ایرانی ریسکیو بیڑے کے لیے 20 روسی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ

ایرانی ہلال احمر کا فضائی ریسکیو بیڑا مضبوط بنانے کا فیصلہ

June 17, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

ایران کی انجمن ہلال احمر اور روسی کمپنی کے درمیان 20 ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ بدھ کے روز روسی کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں ایرانی انجمن ہلال احمر کے صدر پیر حسین کولیوند اور روسی ہیلی کاپٹرز کے ڈائریکٹر جنرل نکولائے کولیسوف کے درمیان طے پایا۔

ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر حسین کولیوند نے کہا کہ روس سے 20 ہیلی کاپٹرز کی براہ راست خریداری کا معاہدہ کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک کے لاجسٹکس اور فضائی ریسکیو بیڑے کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے اس معاہدے کو ایرانی ہلال احمر کی تاریخ کا ایک غیر معمولی سنگ میل قرار دیا اور بتایا کہ ابتدائی طور پر 4 ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا معاہدہ مکمل ہو چکا ہے جن کی فراہمی مارچ 2027 میں نوروز سے قبل متوقع ہے۔

پیر حسین کولیوند کے مطابق یہ ہیلی کاپٹرز جدید ٹیکنالوجی اور نائٹ ویژن سسٹمز سے لیس ہوں گے، جبکہ انہیں آگ بجھانے، طبی امداد اور ہنگامی ریسکیو آپریشنز کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔