معاہدے پر تنقید : جے ڈی وینس کا اسرائیل کو ‘ہوش کے ناخن’ لینے کا مشورہ
اسرائیل کے پاس موجود اکثریتی دفاعی ہتھیار امریکی فنڈنگ کے مرہونِ منت ہیں ،صحافیوں سے گفتگو
فائل فوٹو
واشنگٹن : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کی جانے والی شدید تنقید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ دنیا میں اپنے واحد طاقتور ترین اتحادی پر حملے کرنے سے گریز کرے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع کیا اور کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں ٹرمپ ہی واحد سربراہِ مملکت ہیں جو اسرائیل کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیلی کابینہ کے ارکان کو یاد دلایا کہ اسرائیل کے پاس موجود اکثریتی دفاعی ہتھیار امریکی فنڈنگ کے مرہونِ منت ہیں۔
اسرائیلی قیادت کو سخت لہجے میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لیے اصل مسئلہ ڈونلڈ جے ٹرمپ نہیں ۔ اسرائیل میں جو کوئی بھی یہ سمجھتا ہے کہ ان کا سب سے بڑا مسئلہ امریکی صدر ہیں، انہیں اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور ملک کی اصل صورتحال اور زمینی حقائق کا ادراک کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مفاہمت نامے (MoU) پر اسرائیلی سیاسی حلقوں اور کابینہ کے بعض ارکان کی جانب سے شدید تحفظات اور تنقید کا اظہار کیا جا رہا تھا، جس پر اب امریکی انتظامیہ کی طرف سے یہ سخت ترین ردعمل سامنے آیا ہے۔