ایران کو 21اگست تک تیل اور پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت
جنرل لائسنس کے تحت مخصوص شرائط اور ضوابط کے ساتھ ایرانی توانائی کے شعبے سے متعلق بعض سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے ،امریکی محکمہ خزانہ
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے لیے ایک اہم جنرل لائسنس جاری کرتے ہوئے محدود مدت کے لیے ایرانی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایران 21 اگست تک عالمی منڈی میں خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت جاری رکھ سکے گا۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل لائسنس کے تحت مخصوص شرائط اور ضوابط کے ساتھ ایرانی توانائی کے شعبے سے متعلق بعض سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کی عالمی منڈی میں استحکام برقرار رکھنا اور بعض جاری تجارتی معاملات کو مکمل کرنے کے لیے محدود وقت فراہم کرنا ہے۔
اس اجازت نامے کے تحت ایران خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے شعبے سے متعلق بعض تجارتی سرگرمیوں کو 21 اگست تک جاری رکھ سکتا ہے۔ تاہم اس مدت کے دوران تمام لین دین اور تجارتی سرگرمیوں کو امریکی قوانین اور لائسنس میں درج شرائط کے مطابق انجام دینا ہوگا۔