گوجرانوالہ قیدی فرار کیس میں پولیس اہلکاروں کو6،6سال قید کی سزا
10 سال پرانے مقدمے میں اینٹی کرپشن عدالت کا فیصلہ سامنے آگیا
فائل فوٹو
گوجرانوالہ میں جیل سے عدالت لائے گئے دو قیدیوں کے قیدی وین سے فرار ہونے کے 10 سال پرانے مقدمے میں پولیس اہلکاروں کو 6، 6 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
اینٹی کرپشن کی اسپیشل کورٹ کے جج نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کے اے ایس آئی نوازش علی اور کانسٹیبل بشیر احمد کو 6، 6 سال قید کی سزا دی، جبکہ دونوں پر ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
عدالت نے قیدی وین کے ڈرائیور کو 12 سال قید کی سزا سنائی۔ مقدمہ 30 مئی 2016 کو تھانہ سول لائن میں درج کیا گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق دو قیدیوں کو جیل سے عدالت پیشی کے لیے قیدی وین میں لایا گیا تھا۔ ضلع کچہری کے باہر ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں کو نشہ آور جوس پلایا، جس سے وہ بے ہوش ہوگئے اور دونوں قیدی وین سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان قتل اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار تھے۔