اٹک میں بدنام زمانہ بھتہ خور باپ بیٹا سی سی ڈی مقابلےمیں ہلاک
چھاپے کے دوران ملزم ضرگام اور اس کے ساتھیوں نے جدید اسلحے سے سی سی ڈی اہلکاروں پر شدید فائرنگ کردی۔
فائل فوٹو
اٹک میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے بدنام زمانہ بھتہ خور ضرگام سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں اپنے والد انعام اللہ سمیت ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اٹک کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس پر ٹیم نے ہری پور میں اس کے ٹھکانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ چھاپے کے دوران ملزم ضرگام اور اس کے ساتھیوں نے جدید اسلحے سے سی سی ڈی اہلکاروں پر شدید فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی بھی طلب کی گئی۔ ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں بدنام زمانہ ملزم ضرگام ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا والد انعام اللہ بھی، جس نے مبینہ طور پر سی سی ڈی ٹیم کے خلاف مزاحمت کی، فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم نے اپنی فیملی کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم سی سی ڈی اہلکاروں نے تمام اہل خانہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا، جبکہ ملزم کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تعاقب کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ضرگام کے خلاف قتل، اغوا برائے تاوان، اقدام قتل، بھتہ خوری، منشیات اور بچوں سے زیادتی سمیت درجنوں سنگین مقدمات درج تھے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں سی سی ڈی اٹک کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔