پاکستان نے آئی ٹی ایف ماسٹرزورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں امریکا کو شکست دے دی

لزبن میں کھیلے گئے افتتاحی مقابلے میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئےعمدہ آغاز کیا

August 5, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

پرتگال کے شہر لزبن میں جاری مردوں کے 45 سال سے زائد عمر کی آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے امریکا کو 0-3 سے شکست دے دی۔

ایونٹ میں 30 ممالک کے 300 سے زائد کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ پاکستان کو سنگلز اور ڈبلز مقابلوں میں تجربہ کار اور مہارت رکھنے والے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اعصام الحق قریشی نے پہلے سنگلز میچ میں ووجٹیک بریٹیک کو 2-6، 3-6 سے شکست دی۔

دوسرے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے ٹاپ رینک کھلاڑی عقیل خان اور جان چیسورتھ کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ ہوا، جس میں عقیل خان نے 2-6، 6-1، 4-6 سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کی مجموعی فتح یقینی بنائی۔

ڈبلز مقابلے میں پاکستان کے شہریار سلامت اور ہادی حسین نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے جیون ویسٹ اور گیلرمو کوسن کو 6-1، 1-6 اور فیصلہ کن ٹائی بریک میں 6-10 سے شکست دے کر پاکستان کی 3-0 کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

امریکا کے خلاف یہ یک طرفہ کامیابی ٹیم پاکستان کے لیے راؤنڈ رابن لیگ مرحلے میں بہترین مومینٹم ثابت ہوئی ہے۔

پاکستان اب راؤنڈ رابن مرحلے کے اپنے دوسرے میچ میں کینیڈا کا سامنا کرے گا، جبکہ اس مقابلے کی فاتح ٹیم آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔