شہری کے اغوا اوربھتہ خوری کیس میں راولپنڈی پولیس کا اہلکار2 ساتھیوں سمیت گرفتار

پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنےکردار اورفرائض کی انجام دہی میں محتاط ہوناہوگا:سی پی او راولپنڈی

August 5, 2026 · قومی

فائل فوٹو

راولپنڈی شہری کو مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر رقم لینے والا پولیس اہلکار دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق اہلکار اور اس کے دو ساتھیوں نے شہری کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر اغوا کیا اور رقم لے کر چھوڑ دیا۔

شہری کی شکایت پر سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے فوری نوٹس لیا، انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر کانسٹیبل محسن ضیا اور اس کے دو پرائیویٹ ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف اغوا اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار تھانہ چکلالہ میں تعینات تھا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے کردار اور فرائض کی انجام دہی میں محتاط ہونا ہوگا، جبکہ بدعنوانی یا کسی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔