ایرانی عوام دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر رہے ہیں:باقر قالیباف

رہبرِ اعلیٰ کی قیادت میں ایرانی عوام، فوج اور سفارتی محاذ پر قومی اتحاد اور یکجہتی موجود ہے۔

August 10, 2026 · بام دنیا

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جنرل محسن رضائی کو اعلیٰ سلامتی کونسل میں شامل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تقرری ایرانی قیادت کے اعتماد کی عکاس ہے۔

باقر قالیباف کے مطابق جنرل محسن رضائی کو اعلیٰ سلامتی کونسل میں شامل کیا جانا رہبرِ اعلیٰ کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے جنرل محسن رضائی کو ایرانی قیادت کے قابلِ اعتماد ساتھیوں میں شمار کیا۔

ایرانی اسپیکر نے کہا کہ اسلامی نظام اس وقت تاریخ کے ایک نہایت حساس مرحلے سے گزر رہا ہے، تاہم موجودہ حالات نے یہ واضح کردیا ہے کہ ایران کو دباؤ کے ذریعے جھکانا آسان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ اعلیٰ کی قیادت میں ایرانی عوام، فوج اور سفارتی محاذ پر قومی اتحاد اور یکجہتی موجود ہے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام اپنے ملک کے خلاف اقدامات کرنے والی قوتوں کے دباؤ کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انہیں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد اور مختلف شعبوں کے درمیان تعاون ایران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔