بانی متحدہ کے گرد مزید گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں

کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف مزید گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ بانی متحدہ کے خلاف برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر نے مقدمے میں ہونے والی ایک اہم پیش رفت سے متعلق عدالت کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کیس میں برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ مذکورہ فرم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور شواہد اکٹھے کررہی ہے۔ اس سلسلے میں تفتیش کنندگان نے پاکستان کا دورہ بھی کیا ہے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ماضی میں برطانوی قانونی فرم کی خدمات نہ ہونے کے سبب ایم کیو ایم بانی بچ گئے تھے۔ تاہم اب ملزم کے خلاف دیگر ممالک سے بھی شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ اب تک 69 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آچکی ہے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں نیب، رینجرز اور دیگر اداروں سے بھی معلومات طلب کی گئی ہیں، وزارتِ خارجہ کے ذریعے دوسرے ممالک سے معلومات منگوائی ہیں، برطانوی حکومت اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے بھی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔