آمرانہ اقدامات سے عمران خان کی کرسی نہیں بچے گی۔مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام کی بنا پر سیف الملوک کھوکھرکی املاک گرائی گئیں، آمرانہ اقدامات سے عمران خان کی کرسی نہیں بچے گی،ان کا یوم حساب قریب ہے۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے لیگی رہنما سیف الموک کھوکھرکی املاک گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ چورعوام دشمن ظالم حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوکرپاگل پن کی انتہا پر اترآئی ہے، عمران صاحب نے بنی گالہ کا اپناغیرقانونی محل بچالیا اورسیاسی مخالفین کے گھراوراملاک گرا رہے ہیں، سیف کھوکھرکو نوازشریف اورشہبازشریف سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، دوائی، بجلی اورگیس چور حکمرانوں کی آنکھوں میں سیاسی انتقام کا خون اترا ہوا ہے، سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت، مالی نقصان دے کر خوفزدہ اور وفاداری تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، نوازشریف کے ساتھیوں کو ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرایا اور خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا۔

مریم اورنگزیب نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ  ایسے فسطائی ہتھکنڈوں اورآمرانہ اقدامات سے عمران خان کی کرسی نہیں بچے گی، ان کا یوم حساب قریب ہے۔

خیال رہے کہ آج ضلعی انتظامیہ نے لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے کھوکھر پیلس کا ایک حصہ گرا کر 38 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی ہے۔