امریکہ نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دیدی

دفاعی معاہدے کی کل مالیت 24.3 ارب ڈالر ہے ،امریکی محکمہ خارجہ کا اعلامیہ

September 18, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکہ نے سعودی عرب کو ایف 35 لائٹننگ ٹو سٹرائیک فائٹر لڑاکا طیاروں اور متعلقہ دفاعی سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکہ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی کل مالیت 24.3 ارب ڈالر ہے۔

بیان کے مطابق سعودی عرب نے 48 عدد ایف 35 لائٹننگ ٹو سٹرائیک فائٹرلڑاکا طیارے خریدنے کی درخواست کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ’اس مجوزہ فروخت سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو تقویت ملے گی کیونکہ اس کے ذریعے ایک اہم غیر نیٹو اتحادی ملک کی سکیورٹی بہتر بنائی جائے گی، جو خلیجی خطے میں سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک مؤثر قوت سمجھا جاتا ہے۔

یہ مجوزہ معاہدہ سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا، اس کی سرزمین کے دفاع کو مضبوط بنائے گا اور امریکی افواج، دیگر علاقائی شراکت داروں اور نیٹو افواج کے ساتھ باہمی عملی تعاون کو بہتر بنائے گا۔

دفاعی سازوسامان کی مجوزہ فروخت اور معاونت سے خطے میں فوجی طاقت کا توازن تبدیل نہیں ہوگا۔