چلی میں پٹرول کے ساتھ 10 فیصد ایتھنول ملانے کی تجویز زیر غور
اس اقدام سے ایندھن کی فراہمی کے اخراجات میں سالانہ تقریباً 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک کمی لائی جاسکتی ہے۔
چلی میں پٹرول کے ساتھ 10 فیصد ایتھنول ملانے کی تجویز زیر غور
چلی: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بڑھتے معاشی دباؤ کے پیش نظر چلی کی حکومت نے پٹرول میں ایتھنول شامل کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چلی کی وزارت توانائی نے پٹرول میں 10 فیصد ایتھنول شامل کرنے پر مبنی E10 بلینڈ کی تجویز تیار کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایندھن کی فراہمی کے اخراجات میں سالانہ تقریباً 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک کمی لائی جاسکتی ہے۔
چلی خطے کے بڑے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ 2025 میں ملک نے یومیہ اوسطاً تقریباً ایک لاکھ 81 ہزار بیرل خام تیل درآمد کیا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت اور سرکاری مالیات پر دباؤ بڑھا ہے۔
فی الحال چلی میں پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش لازمی نہیں ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت سرکاری آئل کمپنی ENAP کو ریفائننگ، ٹرمینل اور اسٹوریج کے بنیادی ڈھانچے میں تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے برابر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
وزارت کے ایک اندرونی میمو کے مطابق ایتھنول کی آمیزش کا منصوبہ مرحلہ وار نافذ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم چلی میں ایتھنول کی مقامی پیداوار محدود ہونے کے باعث ملک کو درآمدات پر انحصار کرنا پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق چلی اس وقت زیادہ تر ایتھنول ارجنٹائن اور بولیویا سے حاصل کرتا ہے۔
متعلقہ ماہرین کے مطابق چلی میں مستقبل میں پٹرول کے ساتھ 10 فیصد کے بجائے 15 فیصد تک ایتھنول ملانے کی گنجائش بھی پیدا کی جاسکتی ہے۔ حکومت نے 2030 تک ایندھن کے ذرائع متنوع بنانے اور کاربن اخراج میں کمی کے لیے روڈ میپ بھی جاری کر رکھا ہے، جس میں ایندھن کی آمیزش کو ممکنہ اقدام کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔