شام میں احتجاج رنگ لے آیا، ڈیزل کی قیمت میں 60 شامی پاؤنڈ کمی

نئی قیمت کے تحت زرعی اور گھریلو استعمال کے لیے ڈیزل 175 کے بجائے 115 شامی پاؤنڈ فی لیٹر میں دستیاب ہوگا

September 18, 2026 · بام دنیا
شام میں احتجاج رنگ لے آیا، ڈیزل کی قیمت میں 60 شامی پاؤنڈ کمی

شام میں احتجاج رنگ لے آیا، ڈیزل کی قیمت میں 60 شامی پاؤنڈ کمی

دمشق: شام میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے بعد حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا، بعض مقامات پر سڑکیں بند کی گئیں اور مظاہرین نے ٹائر بھی جلائے۔

حکومت نے احتجاج اور عوامی ردعمل کے بعد ڈیزل کی قیمتوں میں جزوی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر توانائی محمد البشیر نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمت میں زراعت اور گھریلو استعمال کے لیے 60 شامی پاؤنڈ فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

نئی قیمت کے تحت زرعی اور گھریلو استعمال کے لیے ڈیزل 175 کے بجائے 115 شامی پاؤنڈ فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے قیمت 25 پاؤنڈ کمی کے بعد 150 شامی پاؤنڈ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق قیمتوں میں کمی کا فیصلہ صدر احمد الشرع کے ساتھ ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گیا۔ حکومت نے ایندھن کے بحران پر قابو پانے کے لیے ملک میں مقامی ریفائننگ کا نظام دوبارہ فعال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

حالیہ عرصے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے شام میں معاشی مشکلات کا شکار عوام پر مزید دباؤ بڑھا دیا تھا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاج سامنے آیا۔