جنوبی افریقہ میں فائرنگ، دو پاکستانی نوجوان جاں بحق
منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والا سعادت بلہڑ اپنے ملازم رضوان کے ہمراہ موبائل فون کی دکان بند کرکے گھر واپس جارہا تھا
جنوبی افریقہ میں فائرنگ، دو پاکستانی نوجوان جاں بحق
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں فائرنگ کے ایک واقعے کے دوران دو پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک کا تعلق منڈی بہاؤالدین جبکہ دوسرے کا لاہور سے بتایا جارہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والا سعادت بلہڑ اپنے ملازم رضوان کے ہمراہ موبائل فون کی دکان بند کرکے گھر واپس جارہا تھا کہ کیو ٹون کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں سعادت بلہڑ اور رضوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد جنوبی افریقہ کی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اہلخانہ کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل بھی جنوبی افریقہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں مقتول سعادت کے دو کزنز سمیت چار پاکستانی نوجوانوں کو قتل کردیا گیا تھا۔
حالیہ واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں تشویش پائی جارہی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔