ایران جنگ کیلئے فوج نہیں دیں گے-جنوبی کوریا نے ٹرمپ کو صاف جواب دے دیا

اپنے تجارتی جہازوں اور تیل کی ترسیل کے راستوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

September 18, 2026 · بام دنیا
ایران جنگ کیلئے فوج نہیں دیں گے-جنوبی کوریا نے ٹرمپ کو صاف جواب دے دیا

ایران جنگ کیلئے فوج نہیں دیں گے-جنوبی کوریا نے ٹرمپ کو صاف جواب دے دیا

سیول: جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کے خلاف جاری جنگ میں فوجی مداخلت نہیں کرے گا اور نہ ہی ایسے فوجی اثاثے تعینات کیے جائیں گے جن سے جنوبی کوریا براہ راست جنگ کا حصہ بنے۔

صدر لی نے کہا کہ جنوبی کوریا اب تک جنگ میں عدم شمولیت اور عدم مداخلت کی پالیسی پر قائم ہے اور مستقبل میں بھی اسی اصول پر عمل جاری رکھا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اپنے تجارتی جہازوں اور تیل کی ترسیل کے راستوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ بنانے کیلئے جنوبی کوریا کے ممکنہ کردار پر بات چیت جاری تھی۔ صدر لی کے مطابق تجارتی مفادات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کم سے کم ضروری اقدامات کیے جاسکتے ہیں، تاہم ان کا مقصد جنگ میں شمولیت نہیں ہوگا۔

دوسری جانب صدر لی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں اور جنوبی کوریا بھی واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان بات چیت کی راہ ہموار کرنے کیلئے ابتدائی رابطوں اور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

لی جے میونگ کے مطابق امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے درمیان ملاقات اب بھی مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس امکان کو عملی شکل دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے

ادھر جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان 350 ارب ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے کی شرائط پر بھی بات چیت جاری ہے۔ صدر لی نے مذاکرات کو پیچیدہ اور مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض شرائط پر ابھی دونوں ممالک کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔