آبنائے ہرمز میں ٹینکر پر حملے کی برطانوی تصدیق
واقعے میں جہاز پر موجود عملے کے کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ ٹینکر سے تیل کے اخراج کی بھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
آبنائے ہرمز میں ٹینکر پر حملے کی برطانوی تصدیق
آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن کے مطابق نامعلوم نوعیت کے میزائل کی زد میں آنے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم عملے نے آگ پر قابو پالیا۔
برطانوی ادارے کے مطابق واقعے میں جہاز پر موجود عملے کے کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ ٹینکر سے تیل کے اخراج کی بھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
اس سے قبل ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ٹوگو کے پرچم والے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، جو ایرانی مؤقف کے مطابق آبنائے ہرمز سے غیر قانونی طور پر گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ سعودی دارالحکومت ریاض اور الخرج کے لیے سول ڈیفنس کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا، تاہم صورتحال معمول پر آنے کے بعد دونوں علاقوں سے وارننگ واپس لے لی گئی۔
اس سے ایک روز قبل جمعے کو بھی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹس جاری کیے گئے تھے۔ جدہ، طائف اور ینبوع سمیت متعدد علاقوں میں شہریوں کو خبردار کیا گیا، بعد ازاں سعودی سول ڈیفنس نے یہ وارننگز بھی ختم کردی تھیں۔
خطے میں آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت اور سعودی عرب کی سلامتی سے متعلق صورتحال کے باعث کشیدگی پر عالمی سطح پر توجہ برقرار ہے۔