بحیرۂ جنوبی چین میں چینی اور فلپائنی جہاز ٹکرا گئے
تصادم کے نتیجے میں جہاز کی ریلنگ، دھاتی ڈھانچے اور ڈیک کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا
فوٹو گوگل
بحیرۂ جنوبی چین میں چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز اور فلپائن کے سرکاری بحری جہاز کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فلپائن کے مطابق چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز سی سی جی 21585 نے فلپائنی بحری جہاز کے راستے میں خطرناک انداز میں مداخلت کی، جس کے بعد دونوں جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔
فلپائنی حکام کے مطابق ان کا جہاز ماہی گیروں کو ایندھن فراہم کرنے کے مشن پر تھا اور پلوان کے ساحل سے تقریباً 54 بحری میل کے فاصلے پر موجود تھا۔ تصادم کے نتیجے میں جہاز کی ریلنگ، دھاتی ڈھانچے اور ڈیک کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا، تاہم عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب چین نے واقعے کے حوالے سے مختلف مؤقف اختیار کیا ہے۔ چینی حکام کے مطابق فلپائنی جہاز نے کوسٹ گارڈ کی وارننگ کو نظر انداز کیا اور اچانک اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے چینی جہاز کے سامنے سے گزرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ٹکر ہوئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چین اور فلپائن کے درمیان بحیرۂ جنوبی چین کے متنازع سمندری علاقوں میں سرگرمیوں اور علاقائی دعوؤں کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔