پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، توقع ہے سعودی عرب اہم کردار ادا کرے گا:افغان طالبان
تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
افغان طالبان نے پاکستان کے ساتھ بہتر اور دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کے حل کے لیے سعودی عرب اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عرب میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ بات چیت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ سعودی عرب افغانستان کا دوست ملک ہے اور اسی حیثیت سے وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکام اپنی ثالثی کی کوششوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔
طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے دلوں میں سعودی عرب اور دونوں مقدس مساجد کے لیے گہرا احترام اور محبت موجود ہے۔ ان کے مطابق افغانستان سعودی عرب کی ثالثی کی کوششوں اور فیصلوں کا احترام کرتا ہے اور امید ہے کہ ریاض دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کم کرنے میں مدد کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان کا مؤقف رہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ بنیادی مسئلہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا ہے۔ پاکستان افغان طالبان سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود ان مسلح گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں جو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔