نائجیریا میں زہریلا مشروب پینے سے 48 افراد ہلاک
متاثرین میں بعض افراد کو بینائی متاثر ہونے، سانس لینے میں دشواری اور بے ہوشی سمیت سنگین طبی علامات کا سامنا کرنا پڑا۔
نائجیریا میں زہریلا مشروب پینے سے 48 افراد ہلاک
نائجیریا کی ریاست اوندو میں مبینہ طور پر زہریلا مشروب پینے کے نتیجے میں کم از کم 48 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ درجنوں متاثرہ افراد مختلف طبی مراکز میں زیر علاج ہیں۔
حکام کے مطابق اوندو کے اوڈگبو اور آئریل علاقوں میں اس مشروب کے استعمال سے تقریباً 182 افراد متاثر ہوئے۔ متاثرین میں بعض افراد کو بینائی متاثر ہونے، سانس لینے میں دشواری اور بے ہوشی سمیت سنگین طبی علامات کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی تحقیقات میں مشروب کے اندر میتھانول نامی انتہائی زہریلے کیمیکل کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق میتھانول انسانی جسم کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس کے استعمال سے بینائی ضائع ہونے، جسم کے اہم اعضا کو نقصان پہنچنے اور موت کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
پولیس نے مشروب کی تیاری یا تقسیم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبے میں 15 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید تبدیلی ممکن ہے کیونکہ متاثرین اور ہلاکتوں سے متعلق اعداد و شمار مسلسل جمع اور اپ ڈیٹ کیے جارہے ہیں۔ بعض تازہ رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 49 بھی بتائی گئی ہے۔