مچھر اڑیں گے تو گرفتار ہوں گے، فرانس میں انوکھا حکم

فرانس کے قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو اس حوالے سے ایک منفرد حکم نامے پر دستخط کیے

September 19, 2026 · بام دنیا
مچھر اڑیں گے تو گرفتار ہوں گے، فرانس میں انوکھا حکم ( فائل فوٹو اے آئی)

مچھر اڑیں گے تو گرفتار ہوں گے، فرانس میں انوکھا حکم ( فائل فوٹو اے آئی)

فرانس کے ایک قصبے میں مچھروں کے خلاف ایسا انوکھا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس نے شہریوں کو حیران کردیا۔ میئر نے ٹائیگر مچھروں کی پرواز پر ہی پابندی عائد کردی، جبکہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے مچھروں کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کردیا گیا۔

فرانس کے قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو اس حوالے سے ایک منفرد حکم نامے پر دستخط کیے۔ حکم نامے میں قصبے کی حدود میں ٹائیگر مچھروں کے دن اور رات کے اوقات میں اڑنے پر پابندی عائد کرنے کا ذکر کیا گیا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے کے رہائشیوں کی جانب سے ٹائیگر مچھروں کی موجودگی اور ان کے کاٹنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ یہ مچھر عموماً زمین کے قریب پرواز کرتے ہیں اور ان کے کاٹنے سے شہریوں کو خارش اور دیگر تکالیف کا سامنا ہوسکتا ہے۔

حکم نامے میں مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ اگر کوئی مچھر پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم میئر اولیور جولی نے خود اعتراف کیا کہ اب تک نہ کسی مچھر نے حکم نامہ پڑھا ہے اور نہ ہی کسی مچھر کو گرفتار کیا جاسکا ہے۔

اگرچہ یہ اقدام بظاہر مذاق معلوم ہوتا ہے، لیکن اس کے پیچھے صحت عامہ سے متعلق ایک سنجیدہ مقصد بھی موجود ہے۔ ٹائیگر مچھر بعض بیماریوں کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن سکتے ہیں، جس کے باعث مقامی انتظامیہ نے ان کی افزائش روکنے کے لیے عملی اقدامات شروع کیے ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، کیونکہ ٹھہرا ہوا پانی مچھروں کی افزائش کے لیے موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔ شہریوں کو گٹروں اور پانی جمع ہونے والی دیگر جگہوں کو ڈھانپ کر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یوں فرانس کے اس قصبے میں مچھروں کو روکنے کا حکم تو جاری ہوگیا، لیکن اصل کوشش اب شہریوں کے تعاون سے ان کی افزائش کے مقامات ختم کرنے پر مرکوز ہے۔