امریکی ڈکشنری میں 1400 نئی اصطلاحات شامل کرلی گئیں
نئے شامل کیے جانے والے الفاظ میں چلی کرسپ بھی شامل ہے، جو مرچوں اور دیگر اجزا سے تیار کی جانے والی ایک مقبول چٹنی کے لیے استعمال ہوتا ہے
امریکی ڈکشنری میں 1400 نئی اصطلاحات شامل کرلی گئیں
امریکا کی معروف اور قدیم لغت میریم ویبسٹر میں تقریباً 1400 نئے الفاظ اور اصطلاحات شامل کرلی گئی ہیں، جن میں کھانے، طرز زندگی، تعلقات اور روزمرہ گفتگو سے جڑی کئی نئی اصطلاحات شامل ہیں۔
نئے شامل کیے جانے والے الفاظ میں چلی کرسپ بھی شامل ہے، جو مرچوں اور دیگر اجزا سے تیار کی جانے والی ایک مقبول چٹنی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہ اصطلاح اب انگریزی لغت کا بھی حصہ بن گئی ہے۔
اسی طرح ایسے افراد کے لیے پیرا سوشل کی اصطلاح شامل کی گئی ہے جو کسی مشہور شخصیت یا عوامی شخصیت سے یکطرفہ تعلق یا جذباتی وابستگی محسوس کرتے ہیں، حالانکہ دوسری جانب سے ایسا کوئی حقیقی تعلق موجود نہیں ہوتا۔
داڑھی سے متعلق ایک نئی اصطلاح نیک بیئرڈ بھی لغت میں شامل کی گئی ہے، جو ایسی داڑھی کے لیے استعمال ہوتی ہے جو بنیادی طور پر گردن کے حصے میں نظر آتی ہے۔
سردیوں کی آمد سے پہلے کسی ساتھی یا محبوب کی تلاش کے رجحان کے لیے کَفنگ سیزن کی اصطلاح بھی لغت کا حصہ بن گئی ہے۔ یہ لفظ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو سرد موسم میں تنہائی سے بچنے کے لیے رومانوی تعلق قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
لغت میں نئی اصطلاحات کا شامل ہونا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وقت کے ساتھ زبان میں روزمرہ زندگی، ثقافت، خوراک، ٹیکنالوجی اور سماجی رویوں سے متعلق نئے الفاظ مسلسل شامل ہوتے رہتے ہیں۔