یورپی فٹ بال تنظیموں کو ایک ایک کروڑ ڈالر دینے کامطالبہ

دونوں اداروں نے مالی ذخائر سےفٹبال ترقی اور انفراسٹرکچر کیلئے رقم دینے کی تجویز پیش کردی

September 19, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا اور کونکاکاف نے فیفا کے صدر جانی انفانٹینو سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی ادارہ اپنے مالی ذخائر میں سے ہر رکن ایسوسی ایشن کو کم از کم ایک کروڑ ڈالر فراہم کرے۔

یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین اور کونکاکاف کے سربراہ وکٹر مونٹاگلیانی کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فیفا کے پاس 2023-26 سائیکل کے اختتام پر تقریباً 6 ارب ڈالر کے ذخائر متوقع ہیں، جو 2030 ورلڈ کپ تک ادارے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی سے زیادہ ہیں۔

دونوں عہدیداروں نے تجویز دی کہ 2027-30 کے دوران فیفا کی تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کو کم از کم 10 ملین ڈالر فی کس دیے جائیں، جو فٹبال کی ترقی اور انفراسٹرکچر پر خرچ کیے جائیں۔

اس ایک مرتبہ کی تقسیم پر فیفا کو تقریباً 2.11 ارب ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔

یہ مطالبہ جانی انفانٹینو کے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے، جسے قومی فٹبال ایسوسی ایشنز کی مخالفت کے بعد واپس لے لیا گیا تھا۔

یوئیفا اور کونکاکاف نے فیفا کے مالی معاملات کے آزادانہ جائزے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی چیئر ڈیبی ہیوٹ نے بھی فیفا سے منصوبے سے متعلق تمام دستاویزات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔