جاپان میں 20ویں ایشین گیمز کا آغاز،45 ممالک کے11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

افتتاحی تقریب میں قومی پرچم لہرائے گئے،ایشین گیمز 19 ستمبر سے4 اکتوبر تک جاری رہیں گے

September 19, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

جاپان کے شہر ناگویا میں 20ویں ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب پالوما میزہو اسٹیڈیم میں ہوئی، جس میں ایشیا کے مختلف ممالک کے دستوں نے شرکت کی۔

پالوما میزہو اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے دوران شریک ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے، تقریب کے بعد مختلف ممالک کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ افغانستان نے سب سے پہلے میدان میں قدم رکھا، جبکہ جاپان، سعودی عرب، بحرین، قطر، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور فلسطین سمیت دیگر ممالک کے دستے بھی شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب میں جاپان کے شہنشاہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا مرکزی موضوع ’’امیجائن ون ایشیا‘‘ رکھا گیا۔

ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے، جن میں 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس 43 کھیلوں کے 469 مقابلوں میں حصہ لیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 1407 تمغے کھلاڑیوں میں تقسیم ہوں گے۔