وائٹ ہاؤس کے ایران پر الزامات امریکی اقدامات کی عکاسی ہیں، اسماعیل بقائی

الزامات میں بڑی تعداد ایسے اقدامات سے متعلق ہے جنہیں امریکا نے خود شروع کیا یا ان کی حمایت کی

September 20, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے بیشتر دراصل ایسے اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں جن کا آغاز امریکا نے کیا یا جن کی اس نے حمایت کی۔

اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کی جانب سے ایران کے خلاف الزامات کی ایک طویل فہرست پیش کی گئی ہے۔

ایرانی ترجمان کے مطابق ان الزامات میں بڑی تعداد ایسے اقدامات سے متعلق ہے جنہیں امریکا نے خود شروع کیا یا ان کی حمایت کی، اس لیے ایران پر یہی الزامات عائد کرنا حقائق سے فرار کے مترادف ہے۔

بقائی نے امریکی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر اپنے اقدامات کی ذمہ داری ڈالنا حیران کن نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے بیان میں امریکا کے حوالے سے سخت الفاظ بھی استعمال کیے۔

ایرانی ترجمان کا یہ ردعمل وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا۔ کیلی نے اقوام متحدہ کے حقائق جانچنے والے مشن کی نئی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ایران پر جنگی جرائم، مظاہرین کی ہلاکتوں، آبنائے ہرمز میں حملوں اور خطے کے ممالک کو بلاامتیاز نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے تھے۔