ریاض کی طرف داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیا گیا
حوثیوں نے ریاض کے علاوہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہری آبادی اور اہم شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی
ریاض کی طرف داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیا گیا
ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنا کر فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے ریاض کے علاوہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہری آبادی اور اہم شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی فضائی دفاع نے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاض میں حملے کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ تنظیم نے ریاض میں حساس مقامات اور ینبع میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔
تاہم حوثی ترجمان کی جانب سے ان دعوؤں کی مزید تفصیلات یا ایسے شواہد سامنے نہیں لائے گئے جن سے حملوں کی آزادانہ طور پر تصدیق ہوسکے۔
ریاض کو نشانہ بنانے کی یہ کوشش سعودی عرب اور حوثی گروپ کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جبکہ سعودی حکام نے شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فضائی دفاعی نظام کو مزید متحرک کردیا ہے۔