گوگل کے اے آئی نے 3 ویب سائٹس ہیک کرلیں
یہ واقعہ مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’اِرریگولر‘ کی جانب سے کیے گئے ایک ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا۔
گوگل کے اے آئی نے 3 ویب سائٹس ہیک کرلیں
نیویارک: گوگل کے جیمینائی اے آئی ماڈل نے سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں کے ایک تجربے کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کی مدد سے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’اِرریگولر‘ کی جانب سے کیے گئے ایک ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا۔
رپورٹ کے مطابق تجربے کے دوران جیمینائی نے آن لائن موجود معلومات تلاش کیں اور اندازے سے حاصل کی گئی لاگ اِن معلومات کے ذریعے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز نے بتایا کہ تینوں متعلقہ اداروں کو اس واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا، جبکہ ٹریننگ پارٹنر کے ساتھ مل کر ٹیسٹ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی اہمیت واضح کرتا ہے کہ جدید اور طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ طریقے سے کام کرنے کے لیے مناسب تربیت فراہم کی جائے۔
دوسری جانب ’اِرریگولر‘ کے ترجمان کے مطابق متعلقہ اداروں کو جولائی کے اختتام تک واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا، جبکہ ٹیسٹنگ کے دوران سامنے آنے والے تمام مسائل کو چند ہفتے قبل حل کرلیا گیا۔
یہ واقعہ اے آئی ماڈلز کی بڑھتی ہوئی سائبر سکیورٹی صلاحیتوں اور ان کے محفوظ استعمال سے متعلق نئے سوالات کو بھی سامنے لاتا ہے۔