نیتن یاہو سمیت 570 اسرائیلی مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل، تلمودی رسومات کی ادائیگی

حماس کی شدید مذمت، مقدس مقام پر کھلا حملہ قرار

September 20, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

یروشلم: مقبوضہ مشرقی القدس میں 570 اسرائیلی آبادکار وزیراعظم نیتن یاہو سمیت اسرائیلی فوج کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہو گئے اور تلمودی مذہبی رسومات ادا کیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی گورنریٹ القدس نے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، متعدد وزراء اور سیکڑوں اسرائیلی بھی فوج کی سخت سیکیورٹی میں دیوار براق کے احاطے میں داخل ہوئے۔

حماس نے نیتن یاہو کی مسجدِ اقصیٰ کے نیچے سرنگوں اور کھدائی کے مقامات اور دیوار براق کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مقدس مقام کی شناخت اور حیثیت پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔

حماس نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مسجدِ اقصیٰ اپنے صحنوں، نماز گاہوں، دیواروں اور دروازوں سمیت مکمل طور پر مسجد رہے گی اور اسے تبدیل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یہودی مذہبی تہوار یوم کپور کے آغاز سے ایک روز قبل پیش آیا ہے جو آج رات شروع ہو کر پیر کی رات تک جاری رہے گا۔