یوکرین نے روس پر 1600 سے زائد ڈرونز داغ دیے ،2 افراد ہلاک
21 منزلہ عمارت پر ڈرون گرنے سے آگ لگ گئی، 400 افراد کو عمارت سے نکال لیا گیا، ماسکو میں آئل ریفائنری کو نقصان
فوٹو سوشل میڈیا
ماسکو: روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے کیے گئے بڑے ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ماسکو کی آئل ریفائنری کو نقصان پہنچا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق روس نے 1,600 سے زائد ڈرونز تباہ یا ناکارہ بنائے جن میں 450 ماسکو کی جانب بڑھ رہے تھے۔
ماسکو کے گورنر کے مطابق 21 منزلہ عمارت پر ڈرون گرنے سے آگ لگ گئی، 400 افراد کو عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔
ماسکو کے میئر نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ روسی وزارت دفاع کے فضائی دفاعی دستوں نے دارالحکومت کی جانب آنے والے مزید 152 ڈرونز کو تباہ کیا۔ اس سے قبل سرگئی سوبیانین نے ماسکو کی جانب آنے والے 186 ڈرونز مار گرائے جانے کی اطلاع دی تھی۔
مزید 152 ڈرونز تباہ کیے جانے کے بعد ماسکو کی جانب آنے والے مار گرائے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 338 ہوگئی ہے۔ ڈرون حملوں کا سلسلہ اتوار کو ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے جاری ہے۔
سرگئی سوبیانین نے میکس میسنجر پر جاری بیان میں کہا کہ دشمن ڈرونز کی جانب سے ماسکو پر حملہ جاری ہے اور اس دوران ماسکو آئل ریفائنری کے احاطے میں واقع ایک تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔
روسی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کا مقصد پارلیمانی انتخابات میں خلل ڈالنا تھا۔
دوسری جانب یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات گئے یوکرین پر 138 ڈرونز داغے جن میں سے 101 کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا۔