امریکہ ایران پر دوبارہ حملے کی تیاری کر رہا ہے،خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کا دعویٰ
ایک یورپی ملک میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ایران کے خلاف دوبارہ کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان
فائل فوٹو
تہران:ایران کے اعلیٰ ترین عسکری ادارے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ خطے کے کچھ ممالک کی حمایت سے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ایک بیان میں خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسی معلومات ملی ہیں کہ امریکہ، خطے کے کچھ ممالک کی حمایت سے، ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موصولہ معلومات کی بنیاد پر، امریکہ نے خطے کے کچھ ممالک کی رضامندی (گرین سگنل) کے ساتھ، ایک یورپی ملک میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ایران کے خلاف دوبارہ کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر نے اجلاس میں شریک فریقین یا میزبان یورپی ملک کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ایران کے اس اعلیٰ ترین عسکری ادارے نے خطے کے ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ امریکی حملے میں ’شامل‘ ہوتے ہیں یا اس کا ساتھ دیتے ہیں، تو ’انھیں اس مذموم عمل میں شریک سمجھا جائے گا اور وہ ایران کی طاقتور مسلح افواج کی جانب سے تحمل یا نرم رویے کی توقع نہیں رکھ سکیں گے۔‘
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر نے امریکہ کو بھی خبردار کیا کہ حملے کی صورت میں، ’خطے میں اس ملک کے تمام فوجی مراکز اور مفادات کو بغیر کسی پابندی یا لحاظ کے مسلسل، مؤثر اور شدید (تکلیف دہ) حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔‘