گورنر ہاؤس میں شعبہ صحت پر خصوصی بریفنگ؛ کے پی میں 100 اور 180 روزہ جامع اصلاحاتی پلان کا اعلان
250 بنیادی مراکز صحت 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں گے،ایڈوائزر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے شعبہ صحت کے چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا
فائل فوٹو
پشاور:گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی مجموعی صورتحال، درپیش چیلنجز اور اصلاحاتی منصوبوں پر ایک خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی ایڈوائزرز، اعلیٰ سول افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایڈوائزر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے شرکاء کو صوبے کے شعبہ صحت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد سوال و جواب کی نشست میں ایڈوائزر صحت کے ہمراہ اسسٹنٹ چیف سیکریٹری یحییٰ اخونزادہ اور سیکریٹری صحت مطیع اللہ خان نے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کی تقریباً 3 کروڑ 18 لاکھ 90 ہزار آبادی میں سے 81 فیصد دیہی جبکہ 19 فیصد شہری علاقوں میں مقیم ہے۔ صوبے کے سرکاری صحت کے نظام میں اس وقت 30 ہزار 697 ہیلتھ کیئر ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں 8 ہزار 24 ڈاکٹرز، 3 ہزار 970 نرسز، 8 ہزار 252 پیرامیڈیکس اور 10 ہزار 451 لیڈی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بستر دستیاب ہیں۔ حکام کے مطابق آبادی کے تناسب اور عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق طبی سہولیات اور انسانی وسائل میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
صوبے میں صحت کے شعبے کو درپیش سنگین چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات فی ہزار 42، بچوں کی شرح اموات 53 اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات 64 فی ہزار پیدائش تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زچگی کے دوران ماؤں کی شرح اموات فی لاکھ 165 ہے۔
اسی طرح صوبے میں بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما میں کمی (اسٹنٹنگ) کی شرح 40 فیصد ہے اور حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کی کوریج 68 فیصد تک محدود ہے۔ مزید برآں، ضم شدہ اور نامزد اضلاع میں دشوار گزار راستوں اور سیکیورٹی مسائل کے باعث 71 بنیادی مراکز صحت (BHUs) غیر فعال ہیں، جبکہ عملے کی غیر حاضری، میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری، غیر ضروری ہڑتالیں، ادویات کے معیار اور ڈیجیٹل نظاموں کے عدم رابطے جیسے مسائل بھی نظام کی کارکردگی کو متاثر کر رہے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت نے ان مسائل کے حل کے لیے 100 اور 180 روزہ جامع اصلاحاتی پلان پیش کیا۔ 100 روزہ اقدامات کے تحت بنیادی مراکز صحت میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں، اسمارٹ ڈیجیٹل حاضری اور احتساب کے ذریعے ڈاکٹروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ ادویات کے معیار کی جانچ کے لیے پانچ موبائل ڈرگ اسکریننگ لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، جبکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو 68 فیصد سے بڑھا کر 78 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (KICH) کو تین مراحل میں فعال کیا جائے گا، جس کے دوسرے مرحلے میں PICU اور NICU سمیت 300 بستروں کی ان ڈور سہولیات اور تیسرے مرحلے میں 18 خصوصی شعبے و ٹرانسپلانٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
180 روزہ منصوبے کے تحت 250 بنیادی مراکز صحت (200 بی ایچ یوز اور 50 آر ایچ سیز) کو 24 گھنٹے زچہ و بچہ کی طبی سہولیات کے لیے فعال کیا جائے گا۔ 115 مراکز صحت کی تزئین و آرائش اور 124 مراکز کو بلا تعطل بجلی اور کولڈ چین برقرار رکھنے کے لیے سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔ جدید طبی، سرجیکل اور تشخیصی آلات کی فراہمی کے لیے آباد اضلاع میں 1 ارب 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ ضم شدہ اضلاع میں 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ (HISDU) کے تحت ڈیٹا ہب قائم کیا جائے گا اور 200 مراکز صحت میں جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ نرسنگ کے شعبے میں BSN اور MSN پروگرامز کے لیے میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپس دی جائیں گی۔
بریفنگ میں وزیراعظم کے خصوصی اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے لیے 1 ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے کے طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔ امراض قلب کے علاج اور پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) کی توسیع کے لیے 4 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپے، جبکہ پشاور، مردان، ہزارہ، کوہاٹ اور بنوں میں بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹرز کے قیام کے لیے 85 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان تمام اصلاحات کا بنیادی مقصد دیہی اور دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔