لاہور ہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال میں حتمی تقرریوں سے روک دیا
انتظامی بھرتیاں، عدالت نے حکم امتناعی جاری کر دیا، تقرریوں کے نوٹیفکیشن معطل۔
لاہور ہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال میں حتمی تقرریوں سے روک دیا
لاہور ہائیکورٹ میں شیخ زید ہسپتال میں انتظامی سطح پر بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ہسپتال میں حتمی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔
جسٹس شیریں عمران نے محمد اختر سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ زبیر کنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیخ زید ہسپتال میں انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کے لیے سی ٹی ایس کے ذریعے امیدواروں کے ٹیسٹ لیے گئے، تاہم اس پورے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں۔
دستاویز کے مطابق سی ٹی ایس نے ایسے امیدواروں کو بھی کامیاب قرار دے دیا جنہوں نے بھرتیوں کے لیے درخواستیں تک جمع نہیں کروائی تھیں۔ درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ بھرتیوں کے لیے اختیار کیا گیا موجودہ طریقہ کار شفاف نہیں ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ شیخ زید ہسپتال میں ہونے والی بھرتیوں کے پورے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے اور شفاف طریقہ کار کے تحت دوبارہ بھرتیاں کرنے کا حکم صادر کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ زید ہسپتال کو امیدواروں کی حتمی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔