سخت مقابلہ کرنا پڑا،دوسری اننگز میں دباؤ تھا،بابر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

سیریز جیتنے پر انتہائی خوشی ہوئی ہے، ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جن کی جانب سے مختلف کارکردگی سامنے آئی ہے

November 20, 2026 · اسپورٹس
سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کامیابی، بابر اعظم کا ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کامیابی، بابر اعظم کا ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم نے میچ میں سخت مقابلہ کیا اور دوسری اننگز کے دوران ٹیم کی پوزیشن پر کافی دباؤ محسوس ہو رہا تھا۔ راولپنڈی میں دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے اور 0-1 سے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیریز جیتنے پر انتہائی خوشی ہوئی ہے، ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جن کی جانب سے مختلف کارکردگی سامنے آئی ہے اور آئندہ بھی بہتری کی کوشش کی جائے گی۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا جائے گا جبکہ میچ کے دوران حالات اور موسم کو مدنظر رکھ کر ہی کمبینینشن کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ بابر اعظم کے مطابق پہلی اننگز میچ کا اہم موڑ ثابت ہوئی جس کے بعد بیٹنگ میں طویل اننگز کھیلنے کی کوشش کی گئی تاہم خاطر خواہ پارٹنرشپس قائم نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دوسری اننگز میں جب سری لنکا کا مڈل آرڈر اچھی بیٹنگ کر رہا تھا تو ٹیم کے لیے خوف اور دباؤ کی صورتحال تھی۔

ایک بولر کم ہونے کے باوجود بہترین بولنگ کرنے پر انہوں نے اپنے بولرز کو کریڈٹ دیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں بھرپور توانائی پائی جاتی ہے، جب ہم نے بھی کیرئیر کا آغاز کیا تھا تو کافی پرجوش تھے اور اب نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فریضہ ہے، ان کا شاندار کھیل دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بلے باز کی خواہش سنچری بنانا ہوتی ہے لیکن کارکردگی کا دارومدار ہمیشہ میچ کے حالات پر ہوتا ہے۔ ایک سیریز یا میچ سے یہ فیصلہ نہیں کیا جا سکتا کہ تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، اصل چیز یہ دیکھنا ہے کہ پورے سال میں ٹیم نے کیسی کارکردگی دکھائی، تاہم اب تک کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔