حوثیوں کی جدہ سمیت سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی
سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ اور اطراف موجود افراد کو نکل جانے کی ہدایت کر دی
فائل فوٹو
صنعا: یمن کے حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرۂ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
جمعے کو حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے کنٹرول میں الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو پھر سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ہدف ہوں گی۔
حوثی ترجمان نے بندرگاہوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین سمیت قریبی علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان مقامات سے دور ہو جائیں۔ حوثی ترجمان نے شپنگ کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی تمام کشتیاں اور جہاز بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔
حوثیوں کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی فوجی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ کے اطراف موجود شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں الحدیدہ بندرگاہ سے انخلا کی ہدایت
سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ اور اس کے اطراف موجود افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہاں سے نکل جائیں۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ اتحاد کی مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ فراہم کردہ نقشے کے مطابق وہ اپنی حفاظت کی خاطر الحدیدہ کی بندرگاہ سے نکل جائیں۔