3 پاکستانی کھلاڑی اسنوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنلزمیں پہنچ گئے
فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے مدمقابل آنے کا امکان
اومان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل کی 4 میں سے 3 نشستوں پر قبضہ جما لیا، جس کے بعد ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہو گئی ہے۔
قومی کیوئسٹس محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے اپنے اپنے کوارٹر فائنل مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا، چوتھے پاکستانی کھلاڑی مبشر رضا کو ہم وطن رانا عرفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلے کوارٹر فائنل میں تجربہ کار کھلاڑی محمد آصف نے انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو باآسانی 1-4 فریمز سے آؤٹ کلاس کیا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں 2 پاکستانی کھلاڑی آمنے سامنے آئے، جہاں رانا عرفان نے مبشر رضا کو 1-4 سے ہرا یا۔تیسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف 2 فریمز سے پیچھے رہنے کے بعد زبردست کم بیک کیا اور مقابلہ 2-4 سے جیت لیا۔
3 پاکستانی کھلاڑیوں کی سیمی فائنل میں رسائی کے بعد ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے اور اب فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے مدمقابل آنے کا امکان بھی روشن ہے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل مقابلے جمعرات کوکھیلے جائیں گے۔