پی آئی اے کا 3برس میں 229 مفت ٹکٹ دینے کاانکشاف

کراچی:پاکستان ایئرلائن نے 3برس کے دوران 229 افراد کو ملکی و بیرون ملک کے مفت ٹکٹ دئیے ۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ 83لاکھ روپے مالیت کے یہ مفت ٹکٹ بعض ایسے افراد کو دئیے گئے جو اس کے مجاز نہیں تھے
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ مختلف ممالک میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں جن کی کارکردگی ٹھیک نہیں انھیں گھر بھیجیں گے۔
سینیٹ کو وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران پی آئی نے 229 افراد کو مفت ہوائی سفر کے ٹکٹ جاری کیے۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب کو پی آئی اے آفیسر کے دفاتر کے دوروں کے لیے مفت ٹکٹ دئیے گئے، مفت ٹکٹ کھیلوں کے فروغ اور برینڈ مینجمنٹ کے لیے بعض کھلاڑیوں بشمول (مسٹر اینڈ مسز وسیم ، معین اور جہانگیر خان )کو دئیے گئے۔
میک اپ آرٹسٹ طارق امین اور دیگر کو نئی گرومنگ تکنیک سکھانے کے لیے مفت ٹکٹ دئیے گئے، قانونی کنسلٹنٹ ، مشیروں ، سول ایویشن حکام کو انسپیکشن اور کورٹ کیسز کے باعث مفت پی آئی ٹکٹ دی گئیں، میڈیا پروجیکشن کے لیے بھی صحافیوں کو مفت ٹکٹ دی گئیں۔
وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کی مفت ٹکٹ بعض ایسے افراد کو دی گئیں جو اس کے مجاز نہیں تھے ، چیئرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔
پی آئی اے کے جہاز کے جرمنی کے عجائب گھر کو فروخت کا معاملہ پر وزیر مملکت علی محمد نے کہا کہ یہ جہاز ایک فلم کی تیاری کے لیے اسرائیل گیا جو افسوسناک ہے، جہاز کی جرمنی میں پارکنگ فیس 233 ہزار یورو تھی، یہ جہاز پیپرز رولز کے تحت ترکی کی کمپنی کو فروخت کیا ، جہاز کی پارکنگ فیس ترکی کی کمپنی نے ادا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعہ کی انکوائری رپورٹ نہیں آئی ، ہم اس کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں گے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جہاز کی تحقیقات کی رپورٹ سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی جائے۔